Baaghi TV

خطے میں کشیدگی: اطالیہ کا خلیجی ممالک کو فضائی دفاعی امداد دینے کا اعلان

اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے خطے میں جاری کشیدگی اور ایرانی حملوں کے تناظر میں ایک اہم اور تزویراتی بیان دیا ہے، جس میں انہوں نے خلیجی ممالک کو دفاعی امداد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جارجیا میلونی کا کہنا ہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی طرح اٹلی بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور وہ خلیجی خطے کو فضائی دفاعی نظام (Air Defense Systems) سمیت دیگر ضروری دفاعی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اس فیصلے کے محرکات بیان کرتے ہوئے اطالوی وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ اقدام محض دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر نہیں بلکہ اٹلی کے اپنے اسٹریٹجک مفادات اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر اٹھایا جا رہا ہے۔ میلونی نے نشاندہی کی کہ خلیجی ممالک میں نہ صرف دسیوں ہزار اطالوی شہری مقیم ہیں بلکہ تقریباً 2 ہزار اطالوی فوجی بھی وہاں تعینات ہیں، جن کی حفاظت کرنا ان کی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خلیجی خطہ اٹلی اور پورے یورپ کے لیے توانائی کی ترسیل کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، جس کے تحفظ کو یقینی بنانا عالمی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

More posts