پچھلے ماہ جنوری میں کراچی میں آتشزدگی کے 225 واقعات میں 83 افراد جاں بحق ہوئے ہیں
دستیاب معلومات کے مطابق کراچی میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات نے شہر میں حفاظتی انتظامات اور ہنگامی تیاری پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ صرف جنوری کے مہینے میں شہر بھر میں 225 آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ فروری کے ابتدائی دنوں میں ہی 20 سے زائد حادثات سامنے آ چکے ہیں۔ 17 جنوری کو گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ، جس میں 79 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، آج بھی شہریوں کے لیے ایک دردناک یاد دہانی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر حفاظتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد، عمارتوں کے باقاعدہ معائنے اور عوامی آگاہی کو ترجیح نہ دی گئی تو چھوٹے اور بڑے آتشزدگی کے واقعات شہریوں کی جان، مال اور روزگار کے لیے مسلسل خطرہ بنے رہیں گے۔
کراچی میں رواں سال کےپہلے ماہ آتشزدگی کے 225 واقعات ہوئے جس میں سب سے بڑا اور خوفناک واقعہ گل پلازہ میں پیش آیا۔محکمہ فائربریگیڈ کی رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کے واقعات میں 2بچوں اور 8خواتین سمیت 83 افرادجاں بحق ہوئے جب کہ ان واقعات میں ایک بچے سمیت 24 افراد زخمی ہوئے۔ضلع وسطی میں آتشزدگی کے سب سے زیادہ 30 واقعات ہوئے اور ایک ماہ کے دوران صدر میں آگ لگنےکے 18 واقعات پیش آئے۔سہراب گوٹھ، گلستان مصطفی فائراسٹیشن کی حدود میں آتشزدگی کے 18 واقعات ہوئے جب کہ ناظم آباد 13، لیاری 9 اور سائٹ میں آتشزدگی کے 11 واقعات ہوئے۔کورنگی 9 اور لانڈھی میں آتشزدگی کے تین واقعات پیش آئے، اورنگی ٹاؤن 8، شاہ فیصل 8، منظور کالونی کی حدود میں 14واقعات پیش آئے، نیو کراچی فائر اسٹیشن کی حدود میں 13 واقعات ہوئے۔محکمہ فائر بریگیڈ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور آتشزدگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

