اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قبل از وقت انتخابات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ انتخابات ایک سال کے اندر منعقد کیے جائیں۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت تشکیل دی جائے تاکہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کا تجربہ ناکام رہا ہے اور موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے 27 ویں آئینی ترمیم کو ختم کر کے 26 ویں ترمیم پر دوبارہ بحث کرانے پر زور دیا۔
کامران مرتضیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو جے یو آئی کی پیشکش تک نہیں پہنچائی گئی، جبکہ اگر پی ٹی آئی کے وکلا رہنما آج عدالت جاتے تو چیف جسٹس سے ملاقات ممکن ہو جاتی۔