کراچی میں ہونے والی حالیہ طوفانی بارش نے 41 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، جس کے باعث شہر میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا اور مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو کہ 2 اپریل 1985 کے 37 ملی میٹر کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہے۔
اس غیر معمولی بارش کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور موسم سرد ہو گیا، گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو اپریل کے معمول کے درجہ حرارت سے تقریباً 5.8 ڈگری کم ہے۔
بارش کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہے۔ گلستانِ جوہر بلاک 7 میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا، جبکہ سرجانی ٹاؤن، پی آئی بی کالونی اور ایم اے جناح روڈ کے قریب کرنٹ لگنے کے واقعات میں مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اولڈ گولیمار میں دیوار گرنے سے ایک رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اورنگی ٹاؤن میں دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کے اثرات ملک کے دیگر علاقوں میں 4 اپریل تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
شہر میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، تاہم مزید کسی بڑی بارش کی توقع نہیں ہے۔
کراچی میں 41 سالہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
