Baaghi TV

کراچی: سانحہ گل پلازہ،سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری، ہلاکتوں کی تعداد 71 ہوگئی

کراچی میں گل پلازہ کے المناک سانحے کو 9 روز گزرنے کے باوجود سرچ اینڈ ریسکیو اور ریکوری آپریشن تاحال مکمل نہ ہوسکا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ رات عمارت کی تیسری منزل سے مزید انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں، جنہیں شناخت کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ ریکوری اور تلاش کا عمل آج مکمل کرلیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق آگ لگنے کے بعد سے ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل مسلسل جاری ہے، تاہم عمارت کے شدید متاثر ہونے کے باعث کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ریسکیو ٹیموں نے نویں روز بھی کام جاری رکھا، اس دوران تیسرے فلور سے انسانی باقیات ملیں جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سُمعیہ طارق کے مطابق اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات سول اسپتال لائی جاچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 22 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل ہوچکی ہے، جن میں سے 6 لاشیں قابلِ شناخت تھیں جبکہ 15 لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ممکن ہوئی۔ ڈاکٹر سُمعیہ کے مطابق ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ کے ذریعے کی گئی، جبکہ متعدد لاشوں کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے آتشزدگی سے تباہ ہونے والے گل پلازہ کی ازسرِ نو تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اپنے بجٹ سے کثیر المنزلہ گل پلازہ کی تعمیر کرے گی، جو ایک سال کے اندر مکمل کی جائے گی۔ تعمیر مکمل ہونے کے بعد دکانیں الاٹیز کے حوالے کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس منصوبے کے لیے ماہرینِ تعمیرات کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ کراچی میں 17 جنوری کی رات شہر کے مشہور گل پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شدید آتشزدگی کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ متاثرہ خاندان تاحال اپنے پیاروں کی شناخت اور انصاف کے منتظر ہیں، جبکہ شہر بھر میں واقعے پر گہرے رنج و غم اور غصے کی فضا پائی جاتی ہے۔

More posts