لاہور( )مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری نے کہا ہےکہ بارشیں رب کی رحمت،مون سون کے دوران بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں،کارکنان علاقوں میں ریسکیو و ریلیف کے کاموں کے لئے تیار رہیں،ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران کارکنان میں خدمت کا جذبہ نظر آنا چاہئے، مرکزی مسلم لیگ کی سیاست صرف ووٹ کی نہیں بلکہ خدمت کی سیاست ہے
سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، مرکزی مسلم لیگ خدمت خلق کے رضاکار ملک بھر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران ریسکیو و ریلیف آپریشن کے لئے تیار ہیں، پارٹی کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں مکمل طور پر الرٹ رہیں،بارشوں سے جن علاقوں میں پانی کھڑا ہے اور فصلیں زیر آب آ چکی ہیں وہاں بھی کارکنان امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں،متاثرہ خاندانوں تک خوراک، پینے کے صاف پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیائے ضرورت پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں،مشکل کی اس گھڑی میں مرکزی مسلم لیگ متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی.
