سربراہ پاک فوج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا جو اہلِ کشمیر کی اجتماعی خواہش اور ان کا مقدر ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے اور کشمیر تحریک کے شہدا کی بہادری اور بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ممتاز شخصیات اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد مزید مضبوط ہوئی ہے۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے اگلی صفوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے آپریشنل تیاریوں اور ہر سطح پر ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود افسران اور جوانوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے، کسی بھی دشمنانہ اقدام کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا، اور پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
