مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان میں کفایت شعاری اور ایندھن بچت کے اقدامات پر غور کے لیے ایوانِ صدر اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس جاری ہے۔ اس اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت ایک چھت تلے موجود ہے۔
اجلاس میں صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ بھی شریک ہیں۔ اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور اعلیٰ عسکری حکام بھی اجلاس میں موجود ہیں، جہاں ملک کی معاشی صورتحال اور توانائی کے چیلنجز پر تفصیلی بات چیت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے صوبوں میں کفایت شعاری اور ایندھن بچانے کے حوالے سے تیار کردہ منصوبے پیش کریں گے، جن کی روشنی میں قومی سطح پر اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس سے قبل صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان ایک اہم ملاقات بھی ہوئی جس میں نائب وزیراعظم اور مشیر قومی سلامتی نے شرکت کی، جہاں مجموعی صورتحال اور پالیسی معاملات پر مشاورت کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور سپلائی کے خدشات کے باعث ایسے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں، تاکہ معیشت پر بوجھ کم کیا جا سکے اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
ایوانِ صدر میں اہم اجلاس، کفایت شعاری اور ایندھن بچت پر غور
