ڈھاکہ: بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی اور مرحومہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ملکی و غیر ملکی سیاسی و سرکاری شخصیات بھی موجود تھیں۔ پاکستان کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نمازِ جنازہ میں شرکت کر کے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام اور بنگلادیش کے مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔حکام کے مطابق خالدہ ضیا کو ریاستی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ان کی تدفین سابق صدر اور ان کے شوہر ضیا الرحمان کے پہلو میں کی جائے گی۔
خالدہ ضیا بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔ انہیں مسلم دنیا میں پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ انہوں نے دو ادوار میں ملک کی قیادت کی، پہلا دور 1991 سے 1996 جبکہ دوسرا دور 2001 سے 2006 تک رہا،خالدہ ضیا طویل عرصے سے علیل تھیں اور جگر کے عارضے سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا رہیں۔ وہ کافی عرصے سے ڈھاکہ کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں، تاہم گزشتہ روز خالقِ حقیقی سے جا ملیں،ان کے انتقال پر بنگلادیش بھر میں سوگ کی کیفیت ہے جبکہ سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے مرحومہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی رہائش گاہ آمد ہوئی،سپیکر سردار ایاز صادق نے مرحومہ خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمان اور بیٹی سے ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا،کہا کہ دکھ اور رنج کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ، مرحومہ خالدہ ضیاء کے بیٹے اور بیٹی نے تعزیت اور نماز جنازہ میں شرکت پر سپیکر سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا ،سپیکر سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر خلیل الرحمٰن سے بھی ملاقات کی،سپیکر سردار ایاز صادق نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اظہار ہمدردی و تعزیت کا پیغام پہنچایا،سپیکر سردار ایاز صادق کی مشیر قانون بنگلہ دیش آصف نظرل سے بھی ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،
