Baaghi TV

خدا بخش لغاری میں مسلح ڈکیتی، خاتون سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون لوٹ لیا گیا

crim

میرپورماتھیلو باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری
جروار کے قریب گاؤں خدا بخش لغاری میں مسلح افراد نے ڈکیتی کی سنگین واردات انجام دی۔ تفصیلات کے مطابق مائی سمینان اپنے شوہر سگھیا خان کی تنخواہ کی رقم ڈیڑھ لاکھ روپے لے کر شام کے وقت گھر پہنچی تو گھر کے سامنے گھات لگائے بیٹھے پانچ مسلح ملزمان نے اسے گھیر لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے اسلحے کے زور پر خاتون کو خوفزدہ کیا اور اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ ڈکیتی کے بعد ملزمان شام تقریباً چھ بجے موقع سے بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ملزمان میں سے دو کی شناخت محمد نواز لغاری اور اس کے بیٹے دل شیر لغاری کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ تین ملزمان تاحال نامعلوم ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد مائی سمینان کی جانب سے جروار تھانے میں این سی رپورٹ درج کرا دی گئی ہے، تاہم پولیس کی جانب سے تاحال کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاتون اور اس کے اہلِ خانہ نے گھوٹکی کے ایس ایس پی، میرپور ماتھیلو کے ڈی ایس پی اور جروار تھانے کے ایس ایچ او سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نامزد اور نامعلوم تمام ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، جبکہ لوٹی گئی رقم اور موبائل فون کی فوری برآمدگی کو یقینی بنایا جائے۔اہلِ علاقہ نے بھی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس گشت مؤثر بنانے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

More posts