خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام گرلز کالجز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن نے پشاور سمیت دیگر اضلاع کے کالجز کے پرنسپلز کو خط ارسال کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ویلکم، فیئر ویل پارٹیز، اسپورٹس گالا اور ثقافتی پروگرامز منعقد کرنے کے لیے پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔
خط کے مطابق کالجز میں تقریب سے قبل ڈائریکٹر یا ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن سے اجازت لینا اور مہمانوں کی فہرست جمع کرانا ضروری ہوگا۔ تقریبات کے دوران طالبات کے موبائل فون کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی اور کالج یونیفارم پہننا لازمی ہوگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ طالبات کی حفاظت اور باوقار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات کیے جائیں گے۔ تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔ تمام تقریبات کو سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق منعقد کرنا ہوگا، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کالجز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گرلز کالجز میں موسیقی، رقص ماڈلنگ پر پابندی، تقریبات کے لیے اجازت لازمی
