Baaghi TV

کویت کی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت

کویت نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے، جسے خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
‎وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل وقت میں کویت کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
‎وزیراعظم شہباز شریف نے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے واقعات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں اور ان کا فوری تدارک ضروری ہے۔
‎گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد کو مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل مختلف ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
‎کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے موجودہ بحران میں پاکستان کے فعال کردار کی تعریف کی اور پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
‎ماہرین کے مطابق کویت کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے اور ممکنہ طور پر امن مذاکرات کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

More posts