کویت میں منشیات اسمگلنگ کے سنگین مقدمے میں دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق کویت کی فوجداری عدالت نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے اور بین الاقوامی نیٹ ورک سے روابط ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سنایا۔
رپورٹس کے مطابق ملزمان کو کیفان اور شوویخ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں تلاشی کے دوران 14 کلوگرام ہیروئن، 8 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین اور دو الیکٹرانک وزن تولنے والی مشینیں برآمد ہوئیں۔ استغاثہ نے عدالت میں شواہد پیش کیے جن سے ثابت ہوا کہ دونوں افراد ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھے جو کویت سے باہر سے آپریٹ کر رہا تھا۔
کویت کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ خفیہ معلومات، مسلسل نگرانی اور منظم تفتیش کے بعد ملزمان تک پہنچا گیا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان کو سزائے موت سنانے کا حکم جاری کیا۔
کویت میں منشیات اسمگلنگ پر دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت
