Baaghi TV

لبنانی وزیراعظم کی پاکستان سے حملے رکوانے میں مدد کی اپیل

‎لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اسرائیلی حملوں کے تناظر میں پاکستان سے فوری تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان اور اس کے عوام پر جاری حملے روکے جائیں۔
‎وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور لبنانی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن کی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
‎وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے اور اسی سلسلے میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
‎دوسری جانب لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے درخواست کی کہ لبنان پر حملوں کو فوری رکوانے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جنگ بندی میں لبنان کی شمولیت کی تصدیق کی جائے تاکہ مزید حملوں کو روکا جا سکے۔
‎رپورٹس کے مطابق حالیہ اسرائیلی حملوں میں لبنان میں 200 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس کے بعد صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے۔
‎واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کا مؤقف ہے کہ موجودہ جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں، جبکہ اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے لبنان کو جنگ بندی کا لازمی حصہ قرار دیا ہے۔
‎ماہرین کے مطابق لبنان کی صورتحال خطے میں امن کوششوں کے لیے ایک بڑا امتحان بن چکی ہے اور اس کا حل نکالنا فوری ضرورت ہے۔

More posts