نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل جسم پر کسی قسم کی انجری کے آثار نہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ موت کی اصل وجہ سامنے لائے گی
نعش کی شناخت کے لیے نادرا سے رجوع کر لیا ہے مقدمہ درج کرکے تفتیشی ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے سید دانیال حسن
گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان کے علاقے ہاؤسنگ سکیم ٹو میں اقراء کالج کے قریب لنک روڈ سے ایک نامعلوم خاتون کی نعش برآمد ہونے پر علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی سید دانیال حسن پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے پولیس ٹیم نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد محفوظ بنانے کا عمل شروع کیا۔بعد ازاں فرانزک ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ لیا اور اہم شواہد اکٹھے کیے۔
اے ایس پی سید دانیال حسن نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔اس سلسلے میں نادرا سے رجوع کر لیا گیا ہے تاکہ ڈیٹا کی مدد سے شناخت ممکن بنائی جا سکے۔ شناخت ہوتے ہی لواحقین سے فوری رابطہ کیا جائے گا۔ تاہم خاتون کے جسم پر بظاہر کسی قسم کی انجری کا کوئی نشان موجود نہیں، تاہم موت کی اصل وجہ کا تعین فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔نعش کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیشی ٹیم نے تمام ممکنہ زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
