مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے اثرات اب بھارت تک بھی پہنچ گئے ہیں جہاں توانائی کے بحران اور ایل پی جی کی شدید قلت نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ مختلف شہروں میں گیس کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص گیس سلنڈر کی پوجا کرتا نظر آ رہا ہے۔ صارفین اس عمل کو مہنگائی اور ایندھن کی کمی کے خلاف احتجاج اور عوامی مایوسی کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عالمی سپلائی چین میں رکاوٹیں، خاص طور پر آبنائے ہرمز جیسے اہم راستوں میں مسائل کے باعث بھارت میں گیس کی ترسیل متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں قلت پیدا ہو گئی ہے۔
اس صورتحال کے باعث گیس ایجنسیوں کے باہر لمبی قطاریں لگ رہی ہیں، جبکہ بلیک مارکیٹ میں گیس سلنڈروں کی فروخت بھی بڑھ گئی ہے۔ عوام خوف کے باعث ذخیرہ اندوزی کی طرف مائل ہو رہے ہیں، جس سے بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کروڑوں گھرانے کھانا پکانے کے بنیادی ایندھن کے لیے پریشان ہیں، جس نے عام آدمی کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر توانائی کی سپلائی میں بہتری نہ آئی تو یہ بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے اور اس کے اثرات دیگر ممالک پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
بھارت میں ایل پی جی بحران، شہری شدید مشکلات کا شکار
