مہنگی ایل پی جی سے پریشان عوام کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، ملک بھر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کی نمایاں کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد صارفین کو فوری ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس کمی کے بعد کراچی میں ایل پی جی کی قیمت 440 روپے فی کلو تک آ گئی ہے، جو حالیہ مہنگائی کے دوران ایک اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق قیمتوں میں یہ کمی سپلائی میں بہتری کا نتیجہ ہے۔
ایف پی سی سی آئی کی ایل پی جی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر علی حیدر نے بتایا کہ ایران میں جنگ بندی اور عید و نوروز کی تعطیلات کے بعد سرحدیں کھلنے سے ایل پی جی کی ترسیل میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے سرحدی علاقوں تافتان، 250 بارڈر اور مند کے راستے تقریباً 7 ہزار ٹن ایل پی جی پاکستان پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پورٹ قاسم پر بھی ایل پی جی سے بھرا ایک جہاز لنگر انداز ہو چکا ہے، جس سے مارکیٹ میں سپلائی مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں استعمال ہونے والی 65 فیصد ایل پی جی درآمدی ہے، جس کا 90 فیصد حصہ ایران سے آتا ہے۔
علی حیدر کا کہنا تھا کہ سپلائی میں مسلسل بہتری کے باعث رواں ہفتے قیمتوں میں مزید 50 روپے تک کمی کا امکان بھی موجود ہے، جو عوام کے لیے مزید ریلیف کا باعث بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اوگرا نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 304 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم مارکیٹ میں منافع خور عناصر اسے 450 سے 470 روپے تک فروخت کر رہے تھے۔ اب سپلائی بحال ہونے سے قیمتوں میں کمی کا رجحان شروع ہو گیا ہے اور امید ہے کہ قیمتیں مزید نیچے آئیں گی۔
ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی، ریلیف کی امید
