اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئینِ پاکستان کے سینئر رہنما اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں باضابطہ طور پر قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے بعد محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا منصب سنبھال لیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی بزنس رولز کے تحت اپوزیشن لیڈر کی تقرری 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام آئینی اور پارلیمانی تقاضے پورے کرنے کے بعد یہ تقرری عمل میں لائی گئی، جس کے بعد محمود خان اچکزئی ایوان میں اپوزیشن کی نمائندگی کریں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ اس وقت خالی ہوا تھا جب 9 مئی کے کیس میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی نااہلی سامنے آئی۔ ان کی نااہلی کے بعد اپوزیشن اتحاد میں مشاورت کا عمل شروع ہوا، جس کے نتیجے میں محمود خان اچکزئی کے نام پر اتفاق رائے پیدا کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ اس نامزدگی کو اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت اور دیگر اتحادی جماعتوں کی تائید حاصل رہی، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
