متحدہ عرب امارات کے محکمہ ثقافت و سیاحت (DCT) نے ابوظہبی میں پھنسے ہوئے سیاحوں کے لیے ایک بڑا اور انسانی ہمدردی پر مبنی اعلان کیا ہے۔ فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی منسوخی کے باعث جو سیاح ہوٹلوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ان کے قیام کا تمام تر خرچ اب حکومتی ادارہ برداشت کرے گا۔
اس حوالے سے ہوٹلوں کو جاری کردہ ایک سرکاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے مہمان جن کا ‘چیک آؤٹ’ کا وقت ختم ہو چکا ہے لیکن وہ سفر کرنے سے قاصر ہیں، ان کے قیام میں توسیع کی جائے۔ مراسلے میں واضح طور پر درج ہے کہ ان سیاحوں کے قیام کا خرچہ محکمہ ثقافت و سیاحت (DCT) خود ادا کرے گا، تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ملک کے اندر اور باہر جانے والی بیشتر کمرشل پروازیں منسوخ ہو گئی تھیں۔ اس صورتحال نے سینکڑوں سیاحوں کو ہوٹلوں میں پھنسا دیا تھا، تاہم حکومت کے اس بروقت فیصلے نے ان سیاحوں کی مشکلات میں بڑی حد تک کمی کر دی ہے۔
ابوظہبی میں پھنسے سیاحوں کے لیے بڑی ریلیف: محکمہ ثقافت و سیاحت تمام اخراجات اٹھائے گا
