کوالالمپور سے بڑی سفارتی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی پیشکش کو سراہا ہے۔
انور ابراہیم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر دوست رہنما تعمیری انداز میں آگے بڑھے ہیں، اور پاکستان کی مسلم دنیا میں ساکھ اور دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات اسے ایک مؤثر ثالث بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سفارتکاری کیلئے ابھی بھی گنجائش موجود ہے اور واشنگٹن اور تہران کو چاہیے کہ وہ مثبت ردعمل دیں تاکہ مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکے۔
ملائیشین وزیراعظم نے ایران کے اپنی خودمختاری کے دفاع کے حق کی بھی حمایت کی، تاہم خبردار کیا کہ خلیجی خطے کے انفراسٹرکچر کو مزید اس تنازع میں گھسیٹنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی عوام کو ایسے فیصلوں کا بوجھ نہیں اٹھانا چاہیے جو کہیں اور کیے جائیں۔
انور ابراہیم کا مزید کہنا تھا کہ ملائیشیا خطے میں دیرپا امن کیلئے ہر سنجیدہ اور قابل اعتماد کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
ملائیشیا کا پاکستان کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم، ایران امریکا مذاکرات کیلئے حمایت کا اعلان
