تصور کریں کہ آپ کسی تقریب میں انعام کے طور پر آئی فون کا نیا ماڈل جیتیں، لیکن ڈبہ کھولنے پر فون کی جگہ ٹائلز نکل آئیں۔ چین میں ایک شخص کے ساتھ ایسا ہی حیران کن واقعہ پیش آیا۔
جیانگ جیانگ نامی شخص نے اپنی کمپنی کی سالانہ تقریب میں گرینڈ پرائز کے طور پر آئی فون 17 پرو میکس جیتا۔ تقریب کے دوران کمپنی سربراہ نے انعام کا اعلان کرتے ہوئے فون کی قیمت 9988 یوآن بھی بتائی، جس کے بعد تمام ملازمین کو یقین تھا کہ جیانگ واقعی مہنگا اسمارٹ فون جیت چکا ہے۔
صوبہ گوانگ ڈونگ سے تعلق رکھنے والے جیانگ اس کامیابی پر بے حد خوش تھے۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ ڈبہ گھر پہنچ کر کھولیں گے تاکہ اپنی اہلیہ کو سرپرائز دے سکیں۔ ڈبہ بالکل اصلی آئی فون پیکنگ جیسا تھا اور اس کے ساتھ رسید بھی موجود تھی۔
تاہم جب انہوں نے گھر پہنچ کر ڈبہ کھولا تو اندر فون کے بجائے دو چاکلیٹس، تین لالی پاپس اور چند ٹائلز رکھے ہوئے تھے۔ جیانگ کے مطابق ابتدا میں انہیں لگا کہ وہ تقریب کے سب سے خوش قسمت فرد ہیں، مگر حقیقت سامنے آنے پر انہیں احساس ہوا کہ یہ ایک مذاق تھا۔
ابتدائی طور پر لوگوں نے سمجھا کہ پارٹی منتظمین نے خفیہ طور پر اصلی فون تبدیل کر دیا، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ ٹیم منیجر کی جانب سے کیا گیا مذاق تھا کیونکہ کمپنی مالک نے فون خریدنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
جیانگ نے بتایا کہ تقریب میں دوسرا انعام ایک تکیہ تھا۔ ان کے بقول انہیں لگا تھا کہ 2026 کا آغاز خوش قسمتی سے ہوا ہے، مگر بعد میں احساس ہوا کہ یہ تقریب کسی اپریل فول مذاق سے کم نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب انہیں فون کی ضرورت بھی محسوس نہیں ہوتی۔
کمپنی پارٹی میں آئی فون جیتنے والا ملازم ڈبہ کھول کر حیران، اندر سے ٹائلز نکل آئیں
