امریکی سینٹر مارکو روبیو نے بتایا کہ جمعے کو ان کی شہباز شریف سے ملاقات میں معدنیات کی ترقی اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ سٹریٹیجک تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ روبیو نے اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کے موقع پر لی گئی تصویر شیئر کی اور پاکستان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی مسلسل حمایت اور بورڈ آف پیس میں شمولیت کو سراہا۔
غزہ امن منصوبے کے تحت قائم بورڈ آف پیس کا مقصد غزہ میں عارضی حکومت کی نگرانی کرنا اور بین الاقوامی استحکام فورس قائم کرنا ہے، جس پر اسرائیل اور فلسطینی گروپ حماس نے دستخط کیے۔
بورڈ آف پیس کے اراکین کی پہلی ملاقات واشنگٹن میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس کی عمارت میں ہوئی، جس میں پاکستانی وزیراعظم سمیت متعدد عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ملاقات میں غزہ کی تعمیر نو، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کے امکانات پر بھی بات ہوئی، جبکہ پاکستان کے کردار کو بین الاقوامی امن کی کوششوں میں اہم قرار دیا گیا۔
پاکستان کے ساتھ معدنیات اور انسداد دہشت گردی میں سٹریٹیجک تعلقات اہم: مارکو روبیو
