وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت جب ترقی کا حوالہ دیتی ہے تو کہتی ہے کہ ہم نے آپ کو شعور دیا، لیکن کیا شعور کسی کا پیٹ بھر سکتا ہے؟ کیا لوگ روٹی کی جگہ شعور کھائیں گے؟
انہوں نے کہا کہ ورکر اور ووٹر کے بچے جیل میں ہیں جبکہ اپنے بچے برطانیہ میں ہیں، اور جیل میں بیٹھا شخص کہتا ہے کہ بچوں پاکستان نہ آئیں تاکہ انہیں گرم ہوا نہ لگے۔
راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو عوام کے حقوق اور ترقی کو کھا جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت میں عام ورکرز اور حکمرانوں کے بچوں کے لیے شعور مختلف ہے، اور جب تک عوام اپنے حکمرانوں سے سوال نہیں کریں گے، وہ ناکامی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی پر بھی تنقید کی کہ وہ اپنے بچوں کو برطانیہ بھیج کر پاکستان نہ آنے کی تلقین کرتے ہیں، جبکہ ورکرز کے بچوں کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جہاز لے کر منصوبوں کا افتتاح کرتے ہیں، لیکن یہ جہاز عوام کے لیے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفاد کے لیے ہیں، کیونکہ اڈیالا میں کبھی جہاز نہیں اترتے۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
شعور سے پیٹ نہیں بھرتا، کے پی حکومت عوام کا حق کھا رہی ہے، مریم نواز
