ترجمان میٹرک بورڈ کراچی نے واضح کیا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو کی درخواست پر گریڈ 19 کے افسر احمد خان چھٹہ کو ناظم امتحانات تعینات کر دیا گیا ہے، جنہوں نے فوری طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو کی ہدایات پر امتحانات سے متعلق مختلف اسکول ایسوسی ایشنز اور دیگر حلقوں کے خدشات دور کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرور سے متعلق مسائل بھی حل کر دیے گئے ہیں۔
ناظم امتحانات احمد خان چھٹہ نے امتحانات کے مؤخر ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام افواہیں بے بنیاد ہیں اور امتحانات مقررہ تاریخ پر ہی ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ طلبہ و طالبات میٹرک بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ سے اپنے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، بورڈ کا پورٹل مکمل طور پر فعال ہے اور اس میں کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں۔
انہوں نے والدین، اساتذہ اور طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور کسی بھی غیر مصدقہ خبر پر توجہ نہ دی جائے۔
ناظم امتحانات کا کہنا تھا کہ طلبہ کو بہترین سہولیات فراہم کرنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے اور امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
میٹرک امتحانات 7 اپریل سے ہی ہوں گے، تاخیر کی خبروں کی تردید
