افغانستان کے شہر فیض آباد کے میئر حبیب الرحمٰن گاڑی میں نصب بم کے دھماکے میں جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کا ایک ساتھی زخمی ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق میئر حبیب الرحمٰن کی گاڑی میں مقناطیسی بم نصب کیا گیا تھا، جو دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں میئر حبیب الرحمٰن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے ایک ساتھی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔صوبہ بدخشاں کے ایک افغان عہدیدار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فیض آباد کے میئر دھماکے میں ہلاک ہوئے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق طالبان مخالف مسلح گروپ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے میئر حبیب الرحمٰن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔نیشنل ریزسٹنس فرنٹ افغانستان میں طالبان کے خلاف سرگرم مسلح گروپ ہے۔
