عرب ممالک کی فضائی حدود اور سمندری راستوں کی بندش کے باعث پاکستان سے مٹن اور بیف کی برآمدات مکمل طور پر معطل ہوگئی ہیں جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں گوشت کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عرب ممالک کی فضائی اور بحری راستوں کی بندش کو پانچواں روز ہو گیا ہے جس کے باعث پاکستان سے گوشت کی بیرون ملک ترسیل رک گئی ہے۔ برآمدات معطل ہونے سے گوشت کے بڑے تاجروں کو مالی نقصان کا سامنا ہے جبکہ مقامی صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق عرب ممالک کو سپلائی بند ہونے سے مقامی منڈیوں میں گوشت کی مقدار بڑھ جائے گی جس کے باعث مٹن کی قیمت میں تقریباً 800 روپے اور بیف کی قیمت میں 500 روپے فی کلو تک کمی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان کو گوشت کی فراہمی پہلے ہی بند ہو چکی ہے۔
دوسری جانب لاہور اور کراچی کے بعض ہول سیل ڈیلرز نے اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھانا شروع کر دی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث قیمتیں قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔
اس وقت اوپن مارکیٹ میں بکرے کا گوشت 2600 سے 3000 روپے فی کلو جبکہ گائے کا گوشت 1200 سے 1600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ گوشت کے برآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث تیار مال خراب ہونے کا خدشہ ہے جس سے تاجروں کے ساتھ ساتھ ملکی زرمبادلہ کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عرب ممالک کو گوشت کی برآمدات بند، پاکستان میں قیمتوں میں کمی کا امکان
