وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026 کے عازمین کیلئے پاک حج موبائل ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار دے دیا ہے تاکہ بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق پاک حج ایپ پر طبی سوالنامہ جاری کر دیا گیا ہے جسے جمعہ تک مکمل کرنا ضروری ہوگا۔ عازمین کو مختلف بیماریوں سے متعلق سوالات کے جواب ہاں یا ناں میں دینا ہوں گے۔
سوالنامے میں بلڈ پریشر، دل کے امراض اور شوگر کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں جبکہ دمہ، گنٹھیا اور تھائی رائیڈ سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ معلومات حج کے دوران عازمین کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
دوسری جانب پاک حج ایپ میں حج ویزہ پرنٹ کرنے کا لنک بھی شامل کر دیا گیا ہے جبکہ حج پروازوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ معلومات اور اعلانات کیلئے باقاعدگی سے پاک حج ایپ چیک کرتے رہیں۔
حج 2026 کیلئے پاک حج ایپ پر میڈیکل فارم لازمی قرار
