Baaghi TV

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اثرات،مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

market

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات ملک بھر میں نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں، جس کے باعث ہفتہ وار مہنگائی میں تقریباً 2 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی مہنگائی کی شرح بڑھ کر 12.15 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ 19 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سبزیوں اور خوراک کی بنیادی اشیاء میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، ٹماٹر کی قیمت میں 9.35 فیصد، آلو میں 4.13 فیصد، پیاز میں 3.84 فیصد جبکہ انڈوں کی قیمت میں 3.77 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ بیف، مٹن اور بریڈ سمیت دیگر ضروری اشیاء بھی مہنگی ہوگئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ مہنگائی کی بڑی وجہ بنا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 54.71 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیٹرول 18 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح ایل پی جی کی قیمت میں بھی 8.61 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے اثرات براہ راست اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں پر پڑتے ہیں۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

More posts