جنوبی کولمبیا میں کولمبین فضائیہ کا ایک فوجی طیارہ پیرو کی سرحد کے قریب ایمزون کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں تقریباً 110 فوجی اہلکار سوار تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ پورٹو لیگویزامو کے قریب صوبہ پوتومایو میں پیش آیا، جہاں طیارہ ہرکیولس ماڈل کا تھا جو عام طور پر فوجیوں کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے بتایا کہ طیارہ ٹیک آف کے دوران ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہوا، تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد ابھی سامنے نہیں آئی۔
حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
مقامی میڈیا میں جاری تصاویر میں جائے حادثہ سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے اور فوجی اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
کولمبیا میں فوجی طیارہ تباہ، 110 اہلکار سوار تھے
