وفاقی وزراء، مشیروں اور معاونینِ خصوصی کی تنخواہوں اور مراعات سے متعلق اخراجات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن کے مطابق رواں مالی سال میں اب تک اربوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق وفاقی کابینہ، مشیران اور معاونینِ خصوصی کے لیے مجموعی طور پر 69 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا، جس میں سے تقریباً 40 کروڑ روپے تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں استعمال ہو چکے ہیں، جو کل بجٹ کا 59 فیصد بنتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء کی تنخواہوں کے لیے مختص 50 کروڑ روپے میں سے اب تک 31 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ معاونینِ خصوصی کے لیے مختص 11 کروڑ روپے میں سے 6 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ اسی طرح مشیروں کے لیے مختص 6 کروڑ روپے میں سے 2.5 کروڑ روپے استعمال ہو چکے ہیں۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کابینہ ارکان، معاونین اور مشیران نے مجموعی طور پر 66 لاکھ روپے الاؤنسز کی مد میں حاصل کیے۔
ایک اور اہم انکشاف کے مطابق ان حکام کے زیرِ استعمال 100 سے زائد سرکاری گاڑیوں پر اب تک 26 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جو تنخواہوں اور الاؤنسز کے علاوہ اخراجات ہیں۔
ماہرین کے مطابق موجودہ معاشی حالات میں سرکاری اخراجات کا یہ حجم عوامی بحث کا موضوع بن سکتا ہے، جبکہ کفایت شعاری کے دعوؤں کے تناظر میں بھی اس پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
وفاقی وزراء کی تنخواہوں اور مراعات پر کروڑوں خرچ
