بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک پولیس افسر کے قتل کا تین سال پرانا معمہ آخرکار حل ہو گیا، جہاں انکشاف ہوا ہے کہ افسر کو مبینہ طور پر اس کی اپنی بیٹی نے زہر دے کر قتل کیا۔
پولیس کے مطابق 25 اپریل 2023 کو 45 سالہ پولیس افسر جاونت بلوار معمول کے مطابق ڈیوٹی پر جانے کے لیے گھر سے روانہ ہوا۔ اس دوران اس کی بیٹی آریا بلوار، جو خود بھی پولیس اہلکار ہے، نے والد کو ایک ملک شیک پیش کیا جس میں مبینہ طور پر زہر ملایا گیا تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب جاونت بلوار ضلع کلکٹر کے دفتر چاندپور پہنچا تو اسے اچانک چکر آئے اور وہ گر کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ابتدائی طور پر اس واقعے کو ’’اچانک طبی موت‘‘ قرار دیتے ہوئے کیس بند کر دیا گیا تھا کیونکہ کسی مجرمانہ پہلو کا شبہ نہیں تھا۔
تاہم حالیہ تحقیقات میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق آریا بلوار ایک شخص اشیش کے ساتھ تعلق میں تھی، جس کی اس کے والد مخالفت کرتے تھے۔ اسی تنازع پر مبینہ طور پر دونوں نے مل کر جاونت بلوار کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی۔تحقیقات کے مطابق آریا نے اپنے کزن کو 5 ہزار روپے دے کر زہر حاصل کروایا، جسے بعد میں ملک شیک میں ملا کر والد کو پلایا گیا۔ قتل کے بعد آریا نے اشیش سے شادی بھی کر لی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے اور جھگڑے شروع ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہی اختلافات کے دوران اشیش نے اعترافی بیان دیتے ہوئے پورا واقعہ بے نقاب کر دیا، جس کے بعد آریا سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور امکان ہے کہ کیس میں مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔
