Baaghi TV

وزیرداخلہ محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، خصوصاً وفاقی دارالحکومت کی امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک بھر میں سیکیورٹی انتظامات، انسداد دہشت گردی اقدامات اور حساس تنصیبات کے تحفظ سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے سرحدی صورتحال، بڑے شہروں میں سیکیورٹی چیلنجز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم کو اسلام آباد کی موجودہ مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ دارالحکومت میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، سیف سٹی منصوبے کی بہتری اور حساس مقامات کی نگرانی کے نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کی صورت حال اور دیگر انتظامی معاملات کو نہایت احسن انداز سے حل کیا جائے اور عوامی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ملاقات میں داخلی سلامتی سے متعلق مستقبل کی حکمت عملی، اہم قومی تقریبات کے دوران سیکیورٹی انتظامات اور بین الاقوامی سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں حفاظتی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی کے آئندہ دورہ سری لنکا پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ جلد سری لنکا کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ سری لنکن صدر کو وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔ اس دورے کے دوران دوطرفہ تعاون، سیکیورٹی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

More posts