شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم سے کوئی سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی، ایم کیو ایم کی سیاست مردہ اور دفن ہوچکی، ایم کیو ایم کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کیلئے امداد کی منظوری دے دی، انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں، دکانداروں کو متبادل جگہ دینے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ان کا کہنا ہے کہ تمام عمارتوں میں فائر سیفٹی پر عملدرآمد کرائیں گے، حکومت سختی نہیں بلکہ عوام کا تحفظ کررہی ہے، سندھ حکومت تاجر برادری کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، حکومت گل پلازہ کے متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ کی قائم کردہ کمیٹی انکوائری کررہی ہے، سانحہ گل پلازہ سے اب تک وزیراعلیٰ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سانحہ گل پلازہ پر کچھ جماعتیں منفی سیاست کررہی ہیں، کبھی کہا گیا کراچی کو وفاق کے حوالے کردو، کبھی کہا گیا 18ویں ترمیم کو ختم کرو۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم سے کوئی سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی، خالد مقبول صدیقی کو 10 سپاہی دیئے ہوئے ہیں، مصطفیٰ کمال کے پاس زیادہ سیکیورٹی موجود ہے، ایم کیو ایم کی سیاست مردہ اور دفن ہوچکی ہے، ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کی، ایم کیو ایم کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔
