سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جس نے بات کرنی ہے اسمبلی میں آئے، مسائل پاکستان کے ہر شہر میں ہیں، دو سیاسی جماعتیں ایسی ہے جن کی سیاست تنقید کرنے کی ہے، اگر یہ تنقید نہیں کریں گے تو ان کی سیاست کیسے چلے گی؟
سندھ اسمبلی میڈیا کارنر میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے، وہ اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں حملے کرا رہا ہے، فیک اکاؤنٹ سے مذہبی انتشار کی مہم چلائی گئی، ساری بزدلانہ کارروائی بھارت کی طرف کی جا رہی ہیں، کوئی بھی دشمن ملک ایسی کارروائیاں کرے گا تو ہم اسے منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہیں،اسلام آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، دہشت گردوں نے معصوم لوگوں پر حملہ کیا، جو دشمن ممالک سامنے آ کر لڑ نہیں سکتے وہ پراکسی کے ذریعے سازشیں کر رہے ہیں،افغان طالبان کی مدد اور بھارتی سرپرستی میں اسلام آباد میں کیا گیا خودکش حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جنگوں میں ناکامی کے بعد یہ عناصر بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آتے ہیں۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ مسائل پاکستان کے ہر شہر میں ہیں، دو سیاسی جماعتیں ایسی ہے جن کی سیاست تنقید کرنے کی ہے، اگر یہ تنقید نہیں کریں گے تو ان کی سیاست کیسے چلے گی؟ اگر یہ مخالفت نہیں کریں گے تو سیاست کیا کریں گے؟ یہی مخالفت کہیں اور نظر نہیں آئے گی، باقی صوبوں میں واقعات ہوئے تو ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی خاموش کیوں رہیں؟ ان کی سیاست کا دارومدار تنقید پر ہے، اتوار کو ہڑتال کی کال دی گئی، ویسے ہی بند ہوتا ہے، چند دن پہلے سندھ اسمبلی نے کامن ویلتھ کی میزبانی کی، ایک تاریخی پروگرام ہوا، پیغام گیا کہ پاکستان اور سندھ امن کا گہوارا ہیں، مائی کراچی بھی چند دن پہلے ہوا، ڈیفنس ایکسپو بھی کراچی میں ہوتی ہے، یہاں ایسے ایونٹ ہوتے رہتے ہیں، ورلڈ بینک کے وفد نے بھی سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی، دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پروجیکٹ سندھ حکومت بنا رہی ہے، سندھ حکومت نے ہر شہر اور منصوبے کو فوکس کر رکھا ہے، کوشش ہے کہ تمام منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں۔
