مشہور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے یکم اپریل کو یوٹیوب چھوڑنے کا اعلان کر کے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی، تاہم بعد میں یہ معاملہ اپریل فول کا مذاق ثابت ہوا۔
مسٹر بیسٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ اپنا یوٹیوب چینل ڈیلیٹ کر رہے ہیں اور اس پلیٹ فارم سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں جس نے انہیں عالمی شہرت دی۔ اس اعلان کے ساتھ انہوں نے ویڈیو اور دیگر پوسٹس بھی شیئر کیں جس سے مداحوں میں بے چینی پھیل گئی۔
اس خبر کے سامنے آتے ہی مختلف پلیٹ فارمز پر مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا اور کئی افراد نے صدمے اور حیرت کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ کیا 300 ملین سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والا یہ تخلیق کار واقعی اپنی کامیاب ترین آن لائن موجودگی کو ختم کر سکتا ہے۔
تاہم بعد میں واضح ہوا کہ یہ اعلان اپریل فول کے دن کیا گیا ایک مذاق تھا۔ مسٹر بیسٹ اس سے قبل بھی یکم اپریل کے موقع پر اس طرح کے اقدامات کر چکے ہیں جن میں جعلی پروجیکٹس اور مصنوعات کی تشہیر شامل رہی ہے۔
بہت سے مداحوں نے خبر کے جھوٹا ثابت ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ کچھ صارفین نے اس مذاق کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور کہا کہ اس سے غیر ضروری طور پر مداحوں کو پریشان کیا گیا۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور صارفین کی بڑی تعداد نے اس پر مختلف آراء کا اظہار کیا۔
مسٹر بیسٹ کا یوٹیوب چھوڑنے کا اعلان، حقیقت کیا نکلی؟
