Baaghi TV

مذاکرات کیلیے پاکستان جانے سے انکار نہیں کیا،ایرانی وزیرخارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے ہم نے مذاکرات کیلئے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔

گزشتہ روز امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے یہ خبر نشر کی تھی کہ ایران نے اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملنے سے انکار کر دیا ہے، ثالثوں کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات کے لیے تیار نہیں اور یہ کہ امریکا کے مطالبات ناقابل قبول ہیں،واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیے اور مصر اب بھی اس حوالے پیش رفت کی کوشش کر رہے ہیں اور مذاکرات کے لیے نئے مقامات جن میں قطر کا دارالحکومت دوحہ یا ترکیے کا شہر استنبول شامل ہیں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ تعطل ختم کرنے کے لیے نئی تجاویز بھی زیرِ غور ہیں۔

تاہم اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا پر ایرانی عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم ن مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا،ہم جنگ بندی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، امریکی میڈیا جنگ بندی کی خبروں کو غلط طریقے سے پیش کر رہا ہے، ایران ان شرائط پر زور دیتا ہے کہ جنگ کا جامع اور دائمی خاتمہ ہونا چاہیے۔

ایرانی وزیر خارجہ کی پوسٹ پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر ردعمل دیا ہے،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں عباس عراقچی کی وضاحت کو سراہتے ہوئے لکھا،”میرے پیارے بھائی، آپ کی وضاحت کی دل سے قدر کرتا ہوں۔”

سفارتی حلقوں کے مطابق اس بیان کو پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان مثبت اور دوستانہ پیغامات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔اس طرح کے عوامی بیانات نہ صرف سفارتی تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ کسی بھی ممکنہ غلط فہمی کو دور کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ دنوں میں مختلف امور پر قریبی رابطہ دیکھنے میں آیا ہے، جسے خطے کے استحکام کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts