Baaghi TV

امریکا میں سائنسدانوں کی پراسرار اموات اور گمشدگیاں، سوالات بڑھ گئے

‎امریکا میں گزشتہ تین سالوں کے دوران 9 معروف سائنسدانوں کی پراسرار اموات اور گمشدگیوں نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے، جس پر ماہرین اور سیکیورٹی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
‎برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سائنسدان غیر معمولی حالات میں یا تو ہلاک ہوئے یا پھر اچانک لاپتہ ہو گئے، جس نے ان واقعات کو مزید مشکوک بنا دیا ہے۔
‎رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کینسر ریسرچ سے وابستہ سائنسدان جیسن تھامس کی لاش ایک جھیل سے ملی، جبکہ ریٹائرڈ ایئر فورس جنرل ولیم میک کاسلینڈ کو لاپتہ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح ماہر فلکیات کارل گرل مائر کو کیلیفورنیا میں قتل کیا گیا جبکہ فیوژن انرجی کے سائنسدان نونولو ریرو بھی فائرنگ کا نشانہ بنے۔
‎مزید برآں ناسا کے جیٹ پروپلشن لیبارٹری سے وابستہ میٹریلز چیف مونیکا ریزا گزشتہ سال سے لاپتہ ہیں، جبکہ لاس الاموس لیبارٹری کے دو سائنسدان بھی پراسرار طور پر غائب ہو گئے، جو اپنے گھروں سے نکلے مگر ان کی گاڑیاں اور دیگر سامان وہیں چھوڑ دیا گیا۔
‎ایک سابق ایف بی آئی افسر کے مطابق ان تمام واقعات میں مماثلت پائی جاتی ہے اور انہیں محض اتفاق قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم حکام کی جانب سے اب تک کوئی حتمی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ ان پراسرار واقعات کی مکمل اور شفاف تحقیقات نہایت ضروری ہیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور اگر کوئی منظم پہلو موجود ہے تو اسے بے نقاب کیا جا سکے۔

More posts