تھانہ صدر کی حدود سے ملنے والی 19 سالہ نوجوان ذوہیب شاہ کی لاش کے کیس میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے قتل میں ملوث تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مقتول کے دوست ہیں، جنہوں نے ذوہیب شاہ کو چائے پینے کے بہانے اپنے ساتھ لے جا کر بے دردی سے قتل کیا۔ ملزمان نے مقتول کی لاش کو ٹکڑوں میں تقسیم کیا اور زمین میں چھپا دیا۔ 10 فروری کو علاقے کے مکینوں نے لاش کے ٹکڑے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ نوجوان کے قتل کا مقدمہ کل 9 افراد کے خلاف درج کیا گیا، جن میں 7 نامزد ملزمان شامل ہیں۔ گرفتار افراد کے قبضے سے آلہ قتل برآمد ہوا ہے، جس میں دو کلہاڑیاں اور ایک ڈنڈا شامل ہیں۔ پولیس ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری رکھے ہوئے ہے۔