ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ) ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک کی زمینوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس میں سیکرٹری متروکہ وقف املاک غلام فرید بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ واربرٹن روڈ اور ننکانہ بائی پاس پر موجود متروکہ وقف املاک کی زمینوں پر بنائی گئی غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا جائے گا۔ اس آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پولیس کی بھی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
سیکرٹری متروکہ وقف املاک غلام فرید نے کہا کہ اسٹیٹ لینڈ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے لیے تمام متعلقہ ادارے پوری تیاری کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز کے اندر اندر یہ آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ اس آپریشن میں کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور جو بھی اس آپریشن میں خلل ڈالنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
