ننکانہ صاحب میں جاری سیوریج میگا پروجیکٹ کے دوران مبینہ بدانتظامی اور ناقص کوآرڈینیشن کے باعث پی ٹی سی ایل کی لائنیں بار بار کٹنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، جس سے سینکڑوں صارفین روزانہ شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں جن میں گول چکر، بیری والا چوک اور لاہور روڈ شامل ہیں، کھدائی کے دوران بارہا پی ٹی سی ایل کی مین لائن کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ٹیلیفون اور انٹرنیٹ سروس مسلسل معطل رہنے لگی۔ اس صورتحال نے شہریوں کے روزمرہ معمولات، کاروباری سرگرمیوں اور آن لائن کاموں کو شدید متاثر کیا ہے۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ اب روز کا معمول بن چکا ہے اور متعلقہ ادارے اس پر سنجیدہ اقدامات کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ حالیہ واقعات کے دوران پی ٹی سی ایل عملے اور واسا کنٹریکٹر کے درمیان تلخ کلامی اور مبینہ ہاتھا پائی بھی ہوئی، جس سے انتظامی کنٹرول پر مزید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ماہرین کے مطابق کسی بھی بڑے انفراسٹرکچر منصوبے میں کھدائی سے قبل زیر زمین یوٹیلٹی لائنز کی مکمل نشاندہی (Utility Mapping) اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ بار بار لائن کٹنے کے واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ منصوبے میں مناسب پلاننگ اور سائٹ سپروژن کا فقدان ہے۔شہری و سماجی حلقوں نے واسا ننکانہ صاحب کی اعلیٰ انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ کنکشنز کی فوری بحالی، ذمہ داران کا تعین اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے واضح حکمت عملی اپنائی جائے۔
ننکانہ صاحب: سیوریج میگا پروجیکٹ میں بدانتظامی، پی ٹی سی ایل لائنیں بار بار کٹنے لگیں، شہری شدید متاثر
