قومی اسمبلی میں وی آئی پی لفٹ ایک بار پھر خراب ہو گئی، جس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت متعدد ارکان پارلیمنٹ پھنس گئے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت لفٹ میں فاروق ستار اور ان کی اہلیہ سمیت دیگر ارکان بھی موجود تھے جب اچانک لفٹ بند ہو گئی، جس کے باعث چند ارکان کی طبیعت بھی ناساز ہو گئی۔
واقعے کے دوران مولانا فضل الرحمان کے اسٹاف نے فوری طور پر اسمبلی سیکریٹریٹ کو اطلاع دی، جس پر تکنیکی عملے نے کئی منٹ کی کوشش کے بعد لفٹ کھول دی۔
اس دوران لفٹ میں پھنسے ارکان کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ رکن پارلیمنٹ سیما جیلانی نے کہا، "مولانا صاحب دعا کریں، اتنی جلدی زمین میں جانے کا دل نہیں ہے۔” مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا، "اللّٰہ سے دعا کریں، اللّٰہ رحم کرے گا۔”
واقعے کے بعد قومی اسمبلی کی لفٹوں کی دیکھ بھال اور سیکیورٹی انتظامات پر دوبارہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اور ارکان نے انتظامیہ سے فوری بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی کی وی آئی پی لفٹ پھر فیل، ارکان پارلیمنٹ پھنس گئے
