Baaghi TV

‎بچی کو بچاتے ہوئے سوزوکی ڈرائیور بھی جان کی بازی ہار گیا

‎خیبرپختونخوا کے دریائے پنجکوڑہ میں ڈوبنے کے دو افسوسناک واقعات پیش آئے، جہاں ایک 15 سالہ لڑکی دریا میں بہہ گئی جبکہ اسے بچانے کی کوشش کرنے والا ایک سوزوکی ڈرائیور بھی تیز لہروں کی نذر ہوگیا۔ ریسکیو حکام دونوں افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
‎ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جب 15 سالہ لڑکی کسی وجہ سے دریائے پنجکوڑہ میں گر کر ڈوب گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لڑکی کو بچانے کی کوشش میں ایک خاتون بھی پانی میں بہہ گئی، جس پر وہاں موجود ایک سوزوکی ڈرائیور نے فوری طور پر بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریا میں چھلانگ لگا دی۔
‎ریسکیو حکام کے مطابق ڈرائیور نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر خاتون کو بحفاظت دریا سے باہر نکال لیا۔ تاہم اس کے بعد اس نے ڈوبنے والی لڑکی کو بچانے کی کوشش کی، لیکن دریا کی تیز لہروں کے باعث وہ خود بھی پانی میں بہہ گیا اور لاپتا ہوگیا۔
‎واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 دیر لوئر اور دیر بالا کی خصوصی واٹر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے رات گئے تک سرچ آپریشن جاری رکھا، تاہم اندھیرا اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث دونوں لاپتا افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا۔
‎ریسکیو 1122 کے مطابق دونوں افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اتوار کی صبح دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ غوطہ خور اور واٹر ریسکیو اہلکار دریا کے مختلف حصوں میں تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ لاپتا افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
‎ریسکیو حکام نے حالیہ شدید بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی بلند سطح کے پیش نظر شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں، دریاؤں اور سیلابی گزرگاہوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

More posts