Baaghi TV

نیویارک کاپہلا مسلمان میئر ،ظہران ممدانی نے قرآن پاک پر حلف اٹھا لیا

zohran

امریکا کے سب سے بڑے اور اہم شہر نیویارک میں تاریخ رقم ہوگئی، جہاں شہر کے پہلے مسلمان میئر ظہران ممدانی نے اپنے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حلف برداری کی پروقار تقریب نیویارک کے سٹی ہال میں منعقد ہوئی، جہاں ظہران ممدانی نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر اپنے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز نے ظہران ممدانی سے میئر کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر ظہران ممدانی کی اہلیہ، قریبی رشتہ دار، منتخب نمائندے، سٹی کونسل کے اراکین اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ حلف برداری کے دوران شرکا نے تالیاں بجا کر نئے میئر کا خیرمقدم کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ظہران ممدانی نے 4 نومبر 2025 کو ہونے والے میئر کے انتخابات میں 50 اعشاریہ 78 فیصد ووٹ حاصل کر کے واضح کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کامیابی کے بعد وہ نیویارک کے 112ویں میئر منتخب ہوئے اور شہر کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا،ظہران ممدانی کی کامیابی کو نہ صرف امریکی مسلم کمیونٹی بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہیں، جسے بین المذاہب ہم آہنگی، تنوع اور جمہوری اقدار کی بڑی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ انتخابی مہم کے دوران اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ظہران ممدانی کو نسلی اور مذہبی تعصب کا نشانہ بھی بنایا تھا، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔ تاہم الیکشن میں ریپبلکن امیدوار کی شکست کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف ظہران ممدانی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی بلکہ ان کے ساتھ مل کر نیویارک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

حلف برداری کے بعد اپنے خطاب میں ظہران ممدانی نے کہا کہ وہ تمام نیویارکرز کے میئر ہوں گے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب، نسل یا طبقے سے ہو۔ انہوں نے شہر میں انصاف، مساوات، سستی رہائش، بہتر ٹرانسپورٹ اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو اپنی اولین ترجیحات قرار دیا۔

More posts