Baaghi TV


ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والا خطرناک ڈاکو ساتھی سمیت ہتھیار ڈالنے پر مجبور

‎صادق آباد کے کچے کے علاقے میں پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے جہاں ایک کروڑ روپے سر کی قیمت رکھنے والا خطرناک ڈاکو تنویر اندھڑ اپنے ساتھی ظفری جھبیل سمیت ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوگیا۔
‎پولیس حکام کے مطابق راجن پور کے پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے بعد دونوں مطلوب ملزمان نے اینٹی ائیرکرافٹ گن سمیت خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔
‎حکومت پنجاب نے تنویر اندھڑ کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے جبکہ اس کے ساتھی ظفری جھبیل کے سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
‎ڈی پی او کے مطابق تنویر اندھڑ 12 سے زائد پولیس اہلکاروں کی شہادت اور 13 شہریوں کے قتل میں مرکزی ملزم تھا۔ اس کے خلاف قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا اور دہشتگردی سمیت مجموعی طور پر 45 مقدمات درج تھے۔
‎پولیس کا کہنا ہے کہ ظفری جھبیل بھی سنگین جرائم میں ملوث رہا اور اس کے خلاف 38 مقدمات درج ہیں۔
‎حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ اس پیش رفت کو کچے کے علاقے میں امن و امان کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
رایئ

More posts