آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے ترجمان عمران غزنوی نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت سے متعلق خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں پیٹرول اور ڈیزل وافر مقدار میں موجود ہے اور کسی قسم کی قلت نہیں ہے۔ ان کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی خبروں کے بعد لوگوں نے احتیاطاً زیادہ مقدار میں تیل خریدنے کی کوشش کی جس سے وقتی دباؤ پیدا ہوا۔
ترجمان اوگرا کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں پھیلنے والی افواہیں اب دم توڑ چکی ہیں اور صورتحال معمول پر آ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
عمران غزنوی نے مزید کہا کہ آئل کمپنیوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور اگر کہیں قلت، ذخیرہ اندوزی یا زائد قیمت وصول کرنے کی شکایت سامنے آئی تو فوری کارروائی کی جائے گی۔
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت نہیں، اوگرا نے افواہیں مسترد کر دیں
