اوکاڑہ (باغی ٹی وی/ملک ظفر) ترجمان پولیس اوکاڑہ نے ماہ جنوری 2026 کی کرائم رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں بہترین پولیسنگ کے نتیجے میں سنگین جرائم میں 65 فیصد کمی واقع ہوئی اور امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی۔ پولیس نے گذشتہ ماہ مختلف وارداتوں میں ملوث 9 جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کیا اور ان کے 28 ارکان کو گرفتار کیا، جبکہ 1 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ ملزمان سے 57 پستول، ایک کلاشنکوف، ایک ریوالور، 2 بندوقیں اور 173 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 85 ملزمان گرفتار ہوئے، جن سے 12 کلو چرس، 1600 گرام افیون اور 100 گرام آئس برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ 1539 لیٹر شراب، 150 لیٹر لہن اور 3 چالو بھٹیاں بھی قبضے میں لائی گئیں۔ پولیس نے اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف بھی موثر کارروائیاں کیں، جس کے تحت 290 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں سنگین جرائم میں ملوث A کیٹیگری کے 55 اور B کیٹیگری کے 235 اشتہاری شامل ہیں۔ اسی طرح، 61 عدالتی مفروران اور 139 ٹارگیٹڈ آفینڈرز بھی پکڑے گئے۔
ترجمان پولیس اوکاڑہ نے کہا کہ ضلع میں جرائم کی شرح میں مزید کمی کے لیے پولیس کی فعال نگرانی اور کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوامی تحفظ اور امن و امان کی بہتر صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
