Baaghi TV

اوکاڑہ : تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے عائد

اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی اوکاڑہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ پیرافورس اور میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف مقامات پر انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت چیکنگ کی، جس دوران خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر مجموعی طور پر ہزاروں روپے جرمانے عائد کیے گئے اور تجاوزات کا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

کارروائی کے دوران متعدد دکانداروں کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ تجاوزات کے ذریعے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور تسلسل کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دکانداروں کو ہر صورت مقررہ حدود میں رہنا ہوگا۔

وسیم جاوید کا کہنا تھا کہ انسدادِ تجاوزات کے اقدامات نہ صرف شہری حسن کو بہتر بناتے ہیں بلکہ قانون کی بالادستی کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور عوامی مقامات پر ناجائز قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہروں کو صاف، محفوظ اور خوبصورت بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔

More posts