اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈھلیانہ نوید نزیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبارکی گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مبارک عرف مبارکی (سرغنہ)، عمران، منظور اور رستم کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں ایک لاکھ روپے نقدی بھی شامل ہے۔ برآمد ہونے والے سامان میں 13 بوریاں کھاد، 3 جنریٹر ٹینکس، ایک سپرے ٹینک، ایک گریس گن، 2 بالٹیاں گریس، 3 کراس روٹاویٹر، 895 بوریاں باردانہ و سیبہ، 2 سنگل، 4 بیگ پوٹاش اور ناجائز اسلحہ شامل ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اوکاڑہ اور گردونواح میں درجنوں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید انکشافات اور برآمدگیوں کی توقع ہے۔
