اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے اوکاڑہ پولیس کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کے ساتھ شیئر کر دی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 اوکاڑہ پولیس کے لیے نمایاں کامیابیوں کا سال ثابت ہوا، جس دوران سنگین جرائم میں 62 فیصد تک واضح کمی ریکارڈ کی گئی اور امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 126 خطرناک جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کرتے ہوئے 360 ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لایا گیا، جبکہ گینگز سے 13 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا۔ سال بھر میں مجموعی طور پر 27 کروڑ روپے سے زائد مالِ مسروقہ شہریوں کے حوالے کیا گیا۔ اندھے قتل کے تمام مقدمات ٹریس کیے گئے اور کامیابی کی شرح 100 فیصد برقرار رہی۔
اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں بروقت کارروائی کے نتیجے میں مکمل کامیابی حاصل کی گئی۔ سال 2025 کے دوران 60 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 32 خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ 54 گرفتار کیے گئے۔ ریپ اور بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں 98.2 فیصد شاندار کامیابی حاصل کی گئی۔
اوکاڑہ پولیس نے 4558 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے قانون کی عملداری یقینی بنائی، جبکہ اسلحہ اور منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں میں ہزاروں ملزمان گرفتار کیے گئے۔ شہداء اور زخمی اہلکاروں کے خاندانوں کی فلاح کے لیے 14 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔
محکمانہ احتساب کے تحت 871 پولیس اہلکاروں کو سخت سزائیں دی گئیں تاکہ میرٹ اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے 452 کھلی کچہریاں منعقد ہوئیں اور عوامی شکایات کا 100 فیصد بروقت ازالہ کیا گیا۔
ٹریفک آگاہی کے لیے ضلع اوکاڑہ میں ٹریفک تھیم پارک قائم کیا گیا، پولیس خدمت مراکز کے قیام سے عوامی سہولت میں اضافہ ہوا جبکہ سیف سٹی کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی گئی۔ قیمتی جانیں بچانے کے لیے پولیس تحفظ مرکز کے تحت 11 بلڈ ڈونیشن کیمپس منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے 700 خون کے بیگز عطیہ کیے گئے۔
