عراق کے کردستان ریجن میں واقع ایک فوجی اڈے پر حملے کے نتیجے میں ایک فرانسیسی فوجی ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کی تصدیق فرانس کے صدر کی۔
صدر میکرون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ 7ویں الپائن شاسیئرز بٹالین کے وارنٹ آفیسر آرنوڈ فریون عراق کے شہر اربل کے علاقے میں ایک حملے کے دوران ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ فریون نے “فرانس کی خاطر اپنی جان قربان کی” اور قوم کی جانب سے ان کے اہلِ خانہ سے گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔فرانسیسی صدر کے مطابق اس حملے میں کئی دیگر فرانسیسی فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی افواج 2015 سے عراق میں دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں تعینات ہیں اور ان کی موجودگی صرف انسدادِ دہشت گردی کے دائرہ کار میں ہے۔
دوسری جانب اربیل کے گورنر اومید خوشناو کے مطابق ایک ڈرون حملے نے اس فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جہاں کرد فورسز اور بین الاقوامی اتحاد کے فوجی تعینات تھے۔ ان کے مطابق حملے میں کم از کم چھ فرانسیسی فوجی زخمی ہوئے۔عینی شاہدین کی جانب سے جاری ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشترکہ فرانسیسی اور کرد فوجی اڈے میں آگ بھڑک اٹھی تھی اور عمارتوں سے دھواں اٹھ رہا تھا۔
ادھر عراق میں ایران نواز ملیشیا گروپ ے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ عراق اور خطے میں موجود “تمام فرانسیسی مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا”، تاہم اس گروپ نے حملے کی براہِ راست ذمہ داری قبول نہیں کی۔
